الجزائر کی باکسر ایمان خلیف کے مقدمہ جیتنے پر ایلون مسک اور جے کے رولنگ کو 5 سال قید کی سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ الجزائر سے تعلق رکھنے والی باکسر ایمان خلیف نے اولمپک میں کامیابی کے بعد ایلون مسک اور برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ کے خلاف ہراسانی کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ایمان خلیف کی جانب سے فرانسیسی حکام کو آن لائن ہراسانی کی شکایت درج کروائی گئی تھی، جس میں انہوں نے جے کے رولنگ اور ایلون مسک کو نامزد کیا ہے۔ڈیلی میل کے مطابق اگر ایمان خلیف نے ہراسانی کا مقدمہ جیت لیا تو ایلون مسک اور جے کے رولنگ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، انہیں 5 سال قید کی سزا اور 2 لاکھ 14 ہزار پاؤنڈز جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔
الجزائر کی اولمپیئن ایمان خلیف کو 2023 میں بھی عالمی چیمپئن شپ سے نا اہل قرار دیا گیا تھا، تاہم انہوں نے پیرس اولپمکس میں شرکت کرکے گولڈ میڈل جیتا، ان کی پیرس اولمپکس میں شرکت پر ایلون مسک اور جے کے رولنگ نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ایمان خلیف کے وکیل نے مقدمے سے متعلق بتایا کہ دونوں شخصیات کو سائبر ہراسانی کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، فرانسیسی قانون کے تحت مقدمے میں نامعلوم افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جاسکتی ہے۔باکسر ایمان خلیف کی شکایت پر فرانسیسی پراسیکیوٹرز نے تحقیقات شروع کردی ہیں، اس مقدمے میں ممکنہ سزائیں 2 سے 5 سال قید اور 26 ہزار سے 2 لاکھ 14 ہزار پاؤنڈز تک جرمانے بھی عائد کیے جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ الجیرین باکسر ایمان کو پچھلے برس ورلڈ چیمپئن شپ سے نکال دیا گیا تھا کیوں کہ وہ جینڈر ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہی تھیں۔اس سال انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ایمان کو پیرس اولمپکس میں مقابلے کی اجازت دی تھی کیوں کہ آئی او سی کے قوانین انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن سے مختلف ہیں۔
پیرس اولمپکس میں باکسنگ کی 66 کلوگرام کیٹیگری کے راؤنڈ آف سکسٹین میں اٹلی کی اینجلا کیرنی اور الجیریا کی ایمان خلیف کے درمیان مقابلہ ہوا تھا، لیکن فائٹ صرف 46 سیکنڈز جاری رہی۔ الجیرین باکسر نے حریف باکسر کو دو زوردار مُکے رسید کیے، تو اطالوی باکسر نے لڑنے سے انکار کردیا تھا۔
جس کے بعد ہیری پورٹرز کی مصنفہ جے کے رولنگ نے پیرس اولمپکس 2024 کے باکسنگ میچ پر تنقید کرتے ہوئے اسے عورت پر مرد کا تشدد قرار دیا تھا۔جے کے رولنگ نے الجزائر کی ایمان خلیف کو بدمعاش دھوکے باز قرار دیتے ہوئے اولمپک انتظامیہ پر بھی تنقید کی تھی۔