ایم پی سونیا سدھوکابنیادی ضروریات سستی بنانے کیلئے حکومتی اقدامات کا خیرمقدم

برامپٹن، اونٹاریو (نمائندہ خصوصی) برامپٹن ساؤتھ سے رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے 2026 کیلئے پارلیمنٹ کے دوبارہ آغاز پر اپنے حلقے کے عوام کی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے زندگی کو مزید سستا بنانے کے حکومتی اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔

وزیرِاعظم مارک کارنی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کینیڈا میں اشیائے خورونوش اور دیگر بنیادی ضروریات کو مزید قابلِ استطاعت بنانے کیلئےنئے اقدامات متعارف کرا رہی ہے۔ اس مقصد کے تحت کینیڈا گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ متعارف کرایا جا رہا ہے، جو پہلے گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کریڈٹ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ اس بینیفٹ کی رقم میں جولائی 2026 سے شروع ہو کر پانچ سال کیلئے 25 فیصد اضافہ کیا جائیگا جبکہ رواں سال اس میں 50 فیصد اضافے کے برابر ایک بار کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔

ان اقدامات کے نتیجے میں چار افراد پر مشتمل ایک خاندان کو رواں سال 1890 ڈالر تک جبکہ اگلے چار برسوں میں سالانہ تقریباً 1400 ڈالر ملیں گے۔ اسی طرح ایک فرد کو رواں سال 950 ڈالر تک اور آئندہ چار برسوں میں سالانہ تقریباً 700 ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ نیا کینیڈا گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد کینیڈینز کو اضافی اور نمایاں مالی معاونت فراہم کرے گا۔

حکومت نے سپلائی چین میں رکاوٹوں کے اخراجات سے نمٹنے کیلئے کاروباری اداروں کی مدد کی غرض سے 650 ملین ڈالر فراہم کرنے، ملک بھر کے فوڈ بینکس کیلئے 20 ملین ڈالر مختص کرنے اور غذائی عدم تحفظ کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کیلئے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اسٹریٹجی تیار کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان ان سابقہ اقدامات کا تسلسل ہے جن میں 2 کروڑ 20 لاکھ کینیڈینز کیلئے ٹیکسوں میں کمی، نیشنل اسکول فوڈ پروگرام کو مستقل بنانا اور کینیڈین ڈینٹل کیئر پلان کو ہر عمر کے 60 لاکھ کینیڈینز تک توسیع دینا شامل ہے۔سونیا سدھو کا کہنا ہے کہ حکومت ایک مضبوط معیشت کی تعمیر اور اخراجات میں کمی کے ذریعے کینیڈین عوام کیلئے زندگی کو مزید قابلِ برداشت بنانے کیلئےپرعزم ہے۔