برامپٹن (نمائندہ خصوصی) ایم پی سونیا سدھو نے مارک کارنی کو لبرل پارٹی کی قیادت کے انتخاب میں شاندار کامیابی اور نامزد وزیرِاعظم بننے پر دلی مبارکباد پیش کی۔
اپنی فتح کی تقریر میں، کارنی نے ان مشکل حالات میں اتحاد اور استقامت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنی فیملی، حامیوں اور سابق وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ کارنی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایک مضبوط اور مستحکم کینیڈا بنانے کیلئےانتھک محنت کرینگے، خاص طور پر مالی ذمہ داری، سماجی انصاف اور بین الاقوامی قیادت پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے۔
مارک کارنی کا وسیع تجربہ انہیں ایک بہترین لیڈر ثابت کرتا ہے۔ وہ بینک آف کینیڈا اور بینک آف انگلینڈ کے سابق گورنر رہ چکے ہیں، جہاں انہوں نے معاشی استحکام کیلئےغیرمعمولی قیادت کا مظاہرہ کیا۔ وہ سینئر ایسوسی ایٹ ڈپٹی منسٹر آف فنانس اور برطانوی وزیرِاعظم کے مالیاتی مشیر بھی رہ چکے ہیں، جو ان کی معاشی ترقی کی صلاحیت کو مزید اجاگر کرتا ہے۔
ایم پی سونیا سدھو نے کہا”مارک کارنی کا وژن امید اور طاقت پر مبنی ہے۔ بچوں کو غربت سے نکالنے، مفاہمت کو فروغ دینے، اور آزادی و جمہوریت کے دفاع کیلئے ان کا عزم ہماری برامپٹن کمیونٹی کی اقدار سے ہم آہنگ ہے۔ میں ان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور تمام کینیڈینز کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کیلئےپرجوش ہوں۔”
کارنی نے امریکہ کی طرف سے لگائے گئے نئے تجارتی محصولات (ٹیرف) کی دھمکیوں پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ کینیڈا ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔”ہم نے یہ لڑائی نہیں مانگی، لیکن جب کوئی ہمیں چیلنج کرتا ہے تو کینیڈین ہمیشہ تیار ہوتے ہیں۔ امریکیوں کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے، تجارت میں بھی، اور ہاکی میں بھی، کینیڈا ہمیشہ جیتے گا۔”
مارک کارنی کی قیادت لبرل پارٹی اور کینیڈا کیلئے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ ان کا تجربہ اور عزم ملک کو مشکل وقت میں رہنمائی فراہم کرے گا اور ایک روشن مستقبل کی ضمانت دے گا۔