اوٹاوا(اے پی پی) کینیڈا کی رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے مالٹا کی پارلیمنٹ میں ہونے والے 2025 گلوبل پارلیمنٹری ایڈووکیسی فورم میں کینیڈا کی نمائندگی کی، جہاں ذیابیطس کی روک تھام، علاج اور منصفانہ نگہداشت پر عالمی تعاون کو مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔

سونیا سدھو، جو برامپٹن ساؤتھ کی ایم پی اور کینیڈا کی آل پارٹی ڈائیابیٹس کاکَس کی چیئر ہیں، نے اجلاس کے صبح کے سیشن میں کینیڈا کا نیشنل ڈائیابیٹس فریم ورک پیش کیا، جو انہوں نے پارلیمنٹ میں متعارف کرایا تھا۔ انہوں نے فریم ورک کے ذریعے روک تھام، علاج اور تحقیق کے سلسلے میں کینیڈا کی پیشرفت پر روشنی ڈالی۔
سونیا سدھو نے کہا کہ برامپٹن ساؤتھ میں ذیابیطس کی شرح ملک میں سب سے زیادہ ہے اور وہ اس بیماری کے خاندانوں اور کمیونٹیز پر اثرات کو بخوبی جانتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا اپنے نیشنل ڈائیابیٹس فریم ورک کے ذریعے عالمی شراکت داروں کے ساتھ صحت مند مستقبل کیلئےکام جاری رکھے گا۔

فورم میں نمایاں شرکا میں برطانوی سابق وزیراعظم ٹریسا مے، اسپیکر مالٹا پارلیمنٹ ڈاکٹر انگلو فاروگیا، صدر یورپی پارلیمنٹ روبرٹا میٹزولا اور انٹرنیشنل ڈائیابیٹس فیڈریشن کے سابق صدر سر مائیکل ہرِسٹ شامل تھے۔
اجلاس میں گلوبل ڈائیابیٹس انڈیکس، ڈبلیو ایچ او گلوبل ڈائیابیٹس کمپیکٹ اور ویلیٹا کال ٹو ایکشن ڈیکلریشن پر بھی گفتگو ہوئی، جس کی تمام شرکا نے توثیق کی۔سونیا سدھو نے پریس کانفرنس اور نیٹ ورکنگ سیشنز میں بھی حصہ لیا اور عالمی سطح پر بہتر صحت کیلئےکینیڈا کے تعاون پر زور دیا۔

