اسلام آباد(نامہ نگار + ایجنسیاں)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب اور بالائی علاقوں میں یکم سے 3 ستمبر تک شدید موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جن سے دریاؤں میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے اور سیلابی صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔
“متاثرہ اضلاع (شدید خطرہ)”
اسلام آباد، مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک
منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد
چنیوٹ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ
فیصل آباد، سرگودھا، بھکر، لیہ، میانوالی
ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان
“ممکنہ اثرات”
بالائی علاقوں میں بارشوں سے مرالہ ہیڈ ورکس پر سیلابی ریلے بڑھنے کا خدشہ۔
دریاؤں میں بہاؤ تیز ہونے سے نشیبی علاقے زیرِ آب آسکتے ہیں۔
ندی نالوں میں اچانک طغیانی سے دیہات اور سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
“این ڈی ایم اے کی ہدایات”
نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں کے رہائشی الرٹ رہیں۔
غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب رہائش پذیر لوگ فوراً محفوظ مقامات پر منتقل ہوں۔
متعلقہ ادارے بروقت حفاظتی و ریسکیو اقدامات یقینی بنائیں۔
یہ الرٹ اس وقت جاری کیا گیا ہے جب پہلے ہی پنجاب کے کئی اضلاع شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ مزید بارشوں سے صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ ہے، خصوصاً چناب، راوی اور ستلج کے کنارے آباد علاقوں میں۔

