باجوڑ: حالیہ آپریشن میں جزوی متاثرہ گھروں کی تعمیر نو کیلئے رقم 5 لاکھ کرنے کا اعلان

باجوڑ(نامہ نگار)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے باجوڑ میں حالیہ آپریشن کے دوران جزوی طور پر متاثرہ گھروں کی تعمیر نو کیلئےدی جانے والی رقم ایک لاکھ 60 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت باجوڑ کے پارلیمنٹیرینز، قومی مشران اور عمائدین پر مشتمل جرگہ منعقد ہوا، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ جرگے کے شرکاء نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور مستقل امن کے قیام کے لیے تجاویز پیش کیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے قبائلی مشران، عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں، 2018 میں ان قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں مکمل امن قائم ہو چکا تھا، تاہم اب جان بوجھ کر حالات خراب کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کا مؤثر طریقہ قبائلی مشران اور صوبائی حکومت کو اعتماد میں لے کر فیصلہ سازی ہے اور صوبائی حکومت کسی ناکام پالیسی کا حصہ نہیں بنے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ فاٹا انضمام کے وقت وفاق کی جانب سے سالانہ 100 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر گزشتہ 7 برسوں میں صرف 168 ارب روپے فراہم کیے گئے جبکہ 532 ارب روپے تاحال بقایا ہیں، اے آئی پی کی مد میں بھی وفاقی حکومت فنڈز فراہم نہیں کر رہی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ضم اضلاع میں پولیس بھرتیوں کے لیے عمر کی حد بڑھانے، باجوڑ کے شہداء پیکیج پر کام تیز کرنے اور امن و قومی ترقی میں کردار ادا کرنے والے قبائلی مشران کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کے لیے روشن قبائل پیکیج کے تحت اسکولوں اور اسپتالوں کی بہتری کو یقینی بنایا جائے گا۔