باجوڑ: چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 12 دہشت گرد ہلاک، 11 اہلکار شہید

باجوڑ (انٹر سروسز پبلک ریلیشنز) سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں چیک پوسٹ پر ہونے والا دہشت گرد حملہ ناکام بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ حملے کے نتیجے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم جوانوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے خود ساختہ دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا اور 12 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے سے قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، ایک کمسن لڑکی شہید جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔