بالی ووڈ کا سب سے امیر خاندان جو کبھی فروٹ بیچا کرتا تھا

کہا جاتا ہے کہ بالی ووڈ کا سب سے امیر خاندان کبھی فروٹ بیچا کرتا تھا، لیکن اب اس خاندان کی دولت کا تخمینہ 10 ہزار کروڑ روپے لگایا گیا ہے، یہ خاندان نہ تو کپور ہے نہ خان و چوپڑا اور نہ ہی جوہر۔ یہ بھوشن کمار دوا کا خاندان ہے۔ 47 سالہ بھوشن کمار بھارتی فلم اور میوزک پروڈیوسر ہیں۔ وہ سپر کیسٹ انڈسٹریز لمیٹڈ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر ہیں، وہ ٹی سیریز اور بالی ووڈ میں اپنے کام کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق بالی ووڈ کے اس امیر ترین خاندان کے پاس 1.2 ارب ڈالر سے زیادہ دولت تو ہے لیکن ان کے درمیان کوئی بڑا اسٹار نہیں ہے۔ ہورن انڈیا رچ لسٹ 2024 میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے دولت مند ترین بھارتیوں کا انکشاف کیا گیا ہے، جس میں ارب پتی مکیش امبانی اور گوتم اڈانی سرفہرست ہیں۔

فلم انڈسٹری کے کئی نام بھی اس میں شامل ہیں جس میں بالی ووڈ کے دولت مند ترین خاندان میں سب سے اوپر بھوشن کمار کے خاندان کا نام ہے۔ ماضی میں یہ پوزیشن کپور اور چوپڑا خاندانوں کے پاس تھی۔ واضح رہے کہ بھوشن کمار معروف بھارتی فلم اور میوزک پروڈیوسر اور بزنس مین گلشن کمار کے بیٹے ہیں جنھیں اگست 1997 گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں