بال سیدھا کرنے کیلئے ’اسٹریٹنر‘ کا استعمال کیسا ہے؟

متحدہ عرب امارات کے ڈاکٹروں نے بالوں کو سیدھا کرنے کے نتیجے میں کبھی کبھار اس کے معمولی منفی اثرات کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں کا ماننا ہے کہ بالوں کو سیدھا کرنے کے نتیجے میں کبھی کبھار جِلد پر جلن اور گردے سے متعلق مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

دی نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی حالیہ تحقیق کے مطابق ایک خاتون کو سیلون میں بالوں کو سیدھا کرانے کے بعد اس کے گردے کو نقصان پہنچا تھا۔

دبئی میں موجود ڈاکٹر پالوس پی تھامس نے کہا ہے کہ بالوں کو سیدھا کرنے کے عمل اور بالوں کے رنگوں میں عام طور پر مختلف کیمیکل استعمال کیے جاتے ہیں جو کہ عام طور پر محفوظ ہوتے ہیں لیکن یہ کبھی کبھار کچھ لوگوں پر منفی اثرات ڈال دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس عمل کا سب سے منفی اثر اسکن الرجی ہے لیکن بہت ہی کم صورتوں میں کیمیکلز میں موجود ذرات معمولی مقدار میں خون میں شامل ہوسکتے ہیں جو گردے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں جس سے ڈائیلاسز کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔

طبی ماہرین نے وضاحت کی ہے کہ یہ منفی ردعمل صرف ایسے افراد میں ہوتا ہے جو ان کیمیکلز سے حساسیت رکھتے ہیں، جلد تشخیص اور علاج سے اس منفی ری ایکشن پر مکمل قابو پایا جاسکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کمزوری، جوڑوں کا درد، جلد پر خارش گردوں میں تکلیف یا بیماری کی علامات ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں