بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ کی تکلیف میں نمایاں کمی: ذرائع

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی آنکھ کی تکلیف میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آج اڈیالہ جیل میں 5 سینئر ڈاکٹرز نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم میں ماہرین امراض چشم شامل تھے اور طبی معائنے کے بعد رپورٹ متعلقہ حکام کو بھیج دی گئی ہے۔ اس معائنے کے دوران ڈاکٹرز نے تقریباً ایک گھنٹے تک بانی پی ٹی آئی کا جائزہ لیا۔ ٹیم میں ڈاکٹر رفیق، ڈاکٹر سکندر اور ڈاکٹر عارف سمیت دیگر ماہرین شامل تھے جبکہ ٹیکنیشن بھی موجود تھے۔

بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے علاج سے مزید بہتری کی امید ہے۔ سپریم کورٹ نے 16 فروری سے قبل عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ طلب کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی دعوت کے باوجود کوئی پی ٹی آئی رہنما جیل نہیں پہنچا جبکہ میڈیکل ٹیم پی ٹی آئی قیادت کی نمائندگی کیلئےڈھائی بجے سے جیل میں موجود تھی۔