لاہور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ میں اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کو جلد رہا کراؤں گا۔علی امین گنڈاپور نے لاہور میں رنگ روڈ پر پی ٹی آئی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وعدے کے مطابق لاہور پہنچ گیا ہوں، راستے بند ہونے کے باوجود جلسہ گاہ پہنچا ہوں رکاوٹیں پیدا کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ میں رکاوٹیں پیدا کرنا حکومت پنجاب کی بوکھلاہٹ ہے، رکاوٹوں کے باوجود عوام کی بھرپور شرکت ہم پر اظہار اعتماد ہے، جلسہ گاہ آ کر حاضری دے دی میرا سلام قبول کریں۔اپنے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ رکاوٹیں توڑ کر آپ تک پہنچا ہوں اب آپ خوش ہیں۔
جلسہ گاہ سے واپسی پر وزیر اعلیٰ کے پی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ لاہور کے شہریوں کا بانی پی ٹی آئی کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں، خیبر پختونخوا کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو بھرپور طریقے سے نکلے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوام تمام رکاوٹیں عبور کر کے جلسہ گاہ پہنچے، کارکن اس وقت بھی موٹروے اور رنگ روڈ پر فسطایت کا مقابلہ کر رہے ہیں، میں لاہور آیا، جلسہ گاہ پہنچنے پر کارکنان نے استقبال کیا۔
انہوں نے کہا کہ کل میں آرام سے تقریر کروں گا اور اپنا بیانیہ پیش کروں گا، تقریر میں مختلف سنگین مسائل پر بات کروں گا، ایک بات واضح کردوں ہم فارم 47 کی حکومت کو نہیں مانتے، فارم 47 پارلیمنٹ کی کسی آئینی ترمیم کو نہیں مانتے اور نہ ترمیم کرنے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہم زندہ ہیں آئینی ترمیم کا اقدام ہونے نہیں دیں گے، عدلیہ اسٹینڈ لے ہم مرتے دم تک ساتھ دیں گے کچھ ناجائز نہیں ہونے دیں گے۔