پوری قوم کو نیب کے ادارے پر اعتماد ہے:سی ای او لیسکو انجنیئر محمد رمضان بٹ
سول و عسکری قیادت کی مدبرانہ پالیسیوں کی بدولت پوری دنیا میں ملک
کا نام روشن ہوا ہے: نیب کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار سے خطاب
لاہور :لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) اور قومی احتساب بیورو لاہور کے باہمی اشتراک سے ”انسدادِ بدعنوانی” کے موضوع پر ایک اہم آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ لیسکو آڈیٹوریم، واپڈا گرلز ہائی سکول شالامار میں منعقدہ سیمینار میں لیسکو کے نامزد افسران اور سٹاف ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجنیئر محمد رمضان بٹ نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے تقریب کو رونق بخشی اور بدعنوانی کے خلاف لیسکو کے عزم کا اعادہ کیا۔

سیمینار سے اپنے خطاب میں لیسکو چیف کا کہنا تھا کہ لیسکو ہماری ماں ہے ہمیں ایسا کوئی طرز عمل اختیار نہیں کرنا چاہیے کہ لوگ اسے برا بھلا کہیں اور اس کی ساکھ پر حرف آۓ ہمارے پیارے نبی نے 14 سو سال قبل ہی فرما دیا تھا کہ رشوت لینے اور دینے والا دونوں ہی جہنمی ہیں جس کے بعد اس عمل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشوت لے کر کام کرنا ہی کرپشن کے زمرے میں نہیں آتا اپنے فرائض کو احسن طریقے سے انجام نہ دینا بھی سب سے بڑی کرپشن، بے ایمانی اور بد دیانتی ہے۔

سی ای او لیسکو نے کہا کہ بجلی چوری کی طرح کرپشن کے خلاف بھی ہماری زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے عوام کو بہترین سروس مہیا کرنا ہماری اولین ذمے داری ہے جس میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی، نیب کی موجودہ مخلص اور ایماندار لیڈر شپ کے باعث آج پوری قوم کو نیب کے ادارے پر اعتماد ہے۔ انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہنا تھا کہ ہماری سول و عسکری قیادت کی مدبرانہ پالیسیوں کی بدولت آج پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن ہورہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب اقوام عالم میں پاکستان کا نام بھی ترقی یافتہ قوموں کی فہرست میں شامل ہوگا۔
انہوں نے نیب کے اعلی حکام کا شکریہ ادا کیا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح محنت اور نیک نیتی سے نیب کی قیادت ملک سے کرپشن کے خاتمہ کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اس سے مستقبل میں ملک کی کریڈیبلٹی اور نیک نامی میں مزید اضافہ ہوگا۔ آخر میں انہوں نے انسداد بدعنوانی کے موضوع پر لیسکو میں سیمینار منعقد کرنے پر نیب حکام کا شکریہ ادا کیا۔
نیب کی جانب سے سیمینار میں بدعنوانی کے تدارک، شفافیت، اور احتساب کے موضوعات پر جامع لیکچرز دیے گئے۔ عمران سہیل ڈائریکٹر، آگاہی و انسداد وِنگ نیب نے 22 سالہ خدمات کے دوران انسداد بدعنوانی، شفافیت، اور احتساب کے موضوعات پر جامع لیکچرز دیے اورکرپشن کے معاشرتی، معاشی اور ادارہ جاتی نقصانات پر روشنی ڈالی۔ مسز عطیہ عظمت ایڈیشنل ڈائریکٹر آگاہی,نیب ہیڈ کوارٹرز اور ایف آئی اے میں دو دہائیوں سے خدمات انجام دے رہی ہیں سیمینار سے خطاب میں بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے اور عوامی شراکت داری پر زور دیا۔
مسز رابعہ اکرام ڈپٹی ڈائریکٹر آگاہی نے گزشتہ 12 سال میں وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات، آپریشنز اور آگاہی مہمات بارے خیالات کا اظہار کیا۔ ا س ”انسدادِ بدعنوانی” بیداری سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد لیسکو کے شعبہ ایچ آر اینڈ ایڈمن اور NAB لاہور کے باہمی اشتراک سے کیا گیا-لیسکو ترجمان کے مطابق ایسی سرگرمیاں ادارے میں شفافیت، دیانت داری، اور جوابدہی کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ لیسکو مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگرامز جاری رکھے گا۔

