نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.12 روپے تک اضافے کی حکومتی درخواست منظور کرلی

اسلام آباد: نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.12 روپے تک اضافے کی حکومتی درخواست منظور کرلی۔

نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کے یکساں ٹیرف کا فیصلہ جاری کردیا جس کے بعد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7.12 روپے تک بڑھے گا۔

ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین تین ماہ کے لیے اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔

نیپرا کی جانب سے بجلی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ نوٹیفکیشن کے لیے حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔

گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک ہوگا، ماہانہ 201 سے 300 یونٹ تک کا ٹیرف 7.12 روپے اضافے سے 34.26 روپے ہوجائے گا۔

ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 7.02 روپے اضافے سے 39.15 روپے ہوجائے گا۔

ماہانہ 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 41.36 روپے ہوجائے گا، 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 42.78 روپے ہوگا۔

ایک ماہ میں 601 سے 700 یونٹ تک کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 43.92 روپے ہوجائے گا جبکہ 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 48.84 روپے ہوگا۔

ٹیکسوں کو ملا کر سلیب کے حساب سے فی یونٹ ٹیرف کی قیمت بڑھ جائے گی۔

ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ 3.95 روپے برقرار رہے گا، ماہانہ 51 سے 100 یونٹ تک صارفین کے لیے فی یونٹ 7.74 روپے برقرار رہے گا۔

وفاقی حکومت بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی، واضح رہے کہ حکومت نے بجلی کے یکساں ٹیرف کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں