بختاور بھٹو زرداری نے اولمپکس میں اسرائیل پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا

سیاست سے دور مگر ملکی و عالمی واقعات پر گہری نظر رکھنے والی شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کو دوہرے معیار پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بختاور بھٹو زرداری نے انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے اولمپکس میں اسرائیل پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

انہوں نے انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 1964 سے 1988 کے دوران اولمپکس میں جنوبی افریقہ پر پابندی عائد کی گئی تھی، کیونکہ وہ اس وقت ایک نسل پرست ریاست تھی۔

انہوں نے فلسطین کی جانب آئی او سی کے دوہرے رویے پر سوال اُٹھاتے ہوئے لکھا کہ انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) بھی اسرائیل کو نسل پرست ریاست قرار دے چکی ہے، پھر اس پر پابندی کب عائد کی جائے گی؟

خیال رہے کہ سمر اولمپکس کا آغاز آج سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہو رہا ہے، جس میں اسرائیل کے 88 ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں