برامپٹن(نمائندہ خصوصی) برامپٹن ساؤتھ سے رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو کی جانب سے باب کالاہن فلاور سٹی سینیئرز سینٹر میں سالانہ سینیئرز فیئر کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں بزرگ شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد بزرگوں کو اہم معلومات، سرکاری پروگرامز اور معاونتی خدمات تک براہِ راست رسائی فراہم کرنا تھا تاکہ وہ صحت مند اور متحرک زندگی گزار سکیں۔
سونیا سدھو نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ شہری ہماری کمیونٹی کا ستون ہیں اور انہیں دستیاب پروگرامز اور مراعات تک آسان رسائی دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے کے ذریعے اہم وسائل اور معلومات براہِ راست بزرگوں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

میئر پیٹرک براؤن کے علاوہ کونسلرز ڈینس کینن، نوجیت کور برار اور مارٹن میڈیروس نے بھی خطاب کیا اور بزرگوں کیلئے بلدیاتی خدمات اور تفریحی سہولیات کو بہتر بنانے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ سٹی نمائندگان نے میونسپل پروگرامز، رسائی سے متعلق سہولیات اور بزرگوں کیلئےآئندہ منصوبوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔پیل ریجنل پولیس نے بھی شرکت کی اور بزرگ شہریوں کو فراڈ، دھوکہ دہی اور دیگر خطرات سے محفوظ رہنے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔
تقریب میں سروس کینیڈا، کینیڈا ریونیو ایجنسی، پی سی ایچ ایس، انڈس، اے سی ای ای وی، بائیک برامپٹن، ٹی ون ڈی، ایف ایس پی سمیت متعدد کمیونٹی تنظیموں نے شرکت کی اور وفاقی پروگرامز، صحت کی خدمات، مالی معاونت اور کمیونٹی سرگرمیوں سے متعلق معلومات فراہم کیں۔
سونیا سدھو نے کہا کہ کمیونٹی شراکت داروں کے تعاون سے برامپٹن ساؤتھ کے بزرگ خود کو باخبر، مربوط اور بااختیار محسوس کرتے ہیں۔ سالانہ سینیئرز فیئر بزرگ شہریوں کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے جہاں وہ معلومات حاصل کرنے اور روابط استوار کرنے کا موقع پاتے ہیں۔

