برامپٹن(نمائندہ خصوصی) سٹی نے مالی نظم و ضبط اور طویل المدتی پائیداری کو یقینی بنانے کے عزم کے تحت ایک بھرتی پر عارضی پابندی (Hiring Freeze) اور سروسز کو منظور شدہ فنڈنگ سطح کے مطابق کرنے (Right-Sizing Services) کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد موجودہ معاشی حالات سے ہم آہنگ رہتے ہوئے شہریوں کو معیاری خدمات کی فراہمی جاری رکھنا ہے۔
“بھرتیوں پر پابندی (Hiring Freeze)”
برامپٹن سٹی نے فوری طور پر تمام نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی ہے، جو 5 جنوری 2026 تک نافذ العمل رہے گی، تاہم اس میں موجودہ اجتماعی معاہدوں (Collective Agreements) کا احترام کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ اونٹاریو صوبائی حکومت کے 27 ستمبر 2025 کو کیے گئے اسی نوعیت کے اعلان کے مطابق ہے، جس میں صوبائی ایجنسیوں، بورڈز اور کمیشنز میں بھرتیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس اقدام کا مقصد عوامی شعبے کی نمو کو منظم کرنا اور مالی ذمہ داری کو برقرار رکھنا ہے۔
“سروسز کی تنظیمِ نو (Right-Sizing Services)”
انتظامیہ نے 2025 کے مالی تخمینوں اور 2026 کے بجٹ کیلئے رہنما خطوط جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق تمام محکموں کو اخراجات میں کمی کیلئےاقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس میں درج ذیل عوامل شامل ہیں:
طے شدہ مزدور معاہدے (Settled Labour Agreements)
2٪ مہنگائی میں اضافہ (Inflationary Increase)
1٪ ریونیو میں متوقع اضافہ (Projected Growth in Revenue)
1٪ کارکردگی میں بہتری کا ہدف (Efficiency Savings Target)
شہر کی انتظامیہ ان خدمات پر توجہ دے رہی ہے جہاں آمدنی میں کمی یا اخراجات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاکہ خدمات کو پائیدار اور قابلِ برداشت بنایا جا سکے۔
“سروسز میں تسلسل اور شہریوں سے عہد”
یہ تمام اقدامات سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کیے جا رہے ہیں تاکہ شہری خدمات میں کم سے کم رکاوٹ پیدا ہو۔ ہر محکمہ بجٹ اور فنانس ڈویژن کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ایسے طریقے اپنائے گا جن سے معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر بچت ممکن ہو۔
میئر پیٹرک براؤن نے کہا”میں برامپٹن کے شہریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ فیصلے پوری سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ کیے گئے ہیں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ برامپٹن کی کمیونٹی کو وہی اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کی جائیں جن کی وہ توقع رکھتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ سٹی انتظامیہ معاشی حالات پر نظر رکھے گی اور ضرورت کے مطابق اپنے اقدامات میں رد و بدل کرے گی تاکہ پائیدار مالی نظم، مؤثر وسائل کے استعمال اور ذمہ دار حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

