برامپٹن ویسٹ سے کنزرویٹو امیدوار امرجیت گل کی تاریخی فتح، کمل کھیرا کو شکست

برامپٹن، اونٹاریو (نمائندہ خصوصی) کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار امرجیت گل نے وفاقی حلقہ برامپٹن ویسٹ میں حیران کن کامیابی حاصل کرتے ہوئے لبرل پارٹی کی ممتاز رہنما کمل کھیرا کو شکست دے دی ہے۔ اس فتح کو مقامی سیاسی حلقوں میں ایک “بڑا اپ سیٹ” قرار دیا جا رہا ہے۔

امرجیت گل کو اب تک کے نتائج کے مطابق 20986ووٹ حاصل ہوئے، جبکہ کمل کھیرا نے 19954ووٹ حاصل کیے۔ یہ مقابلہ نہایت سخت رہا اور نتائج کا فیصلہ پولنگ کے آخری مراحل تک واضح نہ ہو سکا۔ 137 میں سے 136 پولنگ اسٹیشنز کی گنتی مکمل ہو چکی ہے۔

کمل کھیرا 2015 سے اس حلقے کی نمائندگی کر رہی تھیں اور وہ وفاقی کابینہ میں اہم وزارتوں پر فائز رہ چکی ہیں، جن میں وزیر صحت، وزیر برائے بزرگ شہری، اور وزیر برائے تنوع، شمولیت و معذور افراد شامل ہیں۔ اُن کی شکست کو لبرل پارٹی کیلئے ایک بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب امرجیت گل، جو اس سے قبل 2011 اور 2014 میں صوبائی انتخابات میں بھی کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار کے طور پر میدان میں آ چکے تھے، اس مرتبہ بھرپور مہم کے ساتھ میدان میں اُترے اور پارٹی کیلئےایک اہم نشست جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

دیگر امیدواروں میں نیو ڈیموکریٹ پارٹی کے ضیغم جاوید کو 698 ووٹ، گرین پارٹی کی ثمیرہ خان کو 277 ووٹ، اور سینٹرسٹ پارٹی کے خواجہ عامر حسن کو 94 ووٹ حاصل ہوئے۔یہ نتیجہ اس بات کا ثبوت ہے کہ برامپٹن جیسے شہری حلقوں میں سیاسی وفاداریاں تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں، اور عوام نے اس بار نئے چہروں کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں