برامپٹن(نمائندہ خصوصی) برامپٹن ٹرانزٹ نے اعلان کیا ہے کہ 9 فروری سے بالغ افراد، نوجوانوں اور غیر مقامی سینئر شہریوں کیلئےنئے کرائے نافذ العمل ہونگے۔ کرایوں میں یہ تبدیلی آرگو پائلٹ سروس پر بھی لاگو ہوگی۔
تقریباً 5 فیصد اضافے کے نتیجے میں کرایوں کی نئی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ نقد ادائیگی اور کنٹیکٹ لیس کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے سفر کا کرایہ 4.50 ڈالر سے بڑھا کر 4.75 ڈالر کر دیا گیا ہے۔
بالغ افراد (20 سے 64 سال) کیلئے پریسٹو ای-پرس فی سفر کرایہ 3.40 ڈالر سے بڑھ کر 3.55 ڈالر ہو جائے گا، پریسٹو ہفتہ وار پاس 37.50 ڈالر سے بڑھا کر 39.50 ڈالر جبکہ ماہانہ پاس 141.25 ڈالر سے بڑھا کر 148.50 ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔
نوجوانوں (13 سے 19 سال) کیلئے پریسٹو ای-پرس فی سفر کرایہ 2.80 ڈالر سے بڑھا کر 2.95 ڈالر، ہفتہ وار پاس 30.25 ڈالر سے بڑھا کر 31.75 ڈالر اور ماہانہ پاس 118 ڈالر سے بڑھا کر 123.75 ڈالر کر دیا گیا ہے۔
65 سال یا اس سے زائد عمر کے غیر برامپٹن رہائشی سینئر شہریوں کیلئےپریسٹو ای-پرس فی سفر کرایہ 1.75 ڈالر سے بڑھ کر 1.85 ڈالر ہوگا۔
برامپٹن ٹرانزٹ کے مطابق کسٹمر لائلٹی پروگرام کے تحت اگر کوئی صارف ایک ہفتے (پیر سے اتوار) کے دوران پریسٹو کارڈ کے ذریعے 12 سنگل ٹرپس کی ادائیگی کر لیتا ہے تو اسی ہفتے کے باقی دنوں میں برامپٹن ٹرانزٹ پر ہر اضافی سفر مفت ہوگا۔
کرایوں میں یہ اضافہ 12 سال سے کم عمر بچوں پر لاگو نہیں ہوگا اور نہ ہی برامپٹن کے مقامی سینئر شہریوں کے لیے مفت سالانہ پاس متاثر ہوگا۔ برامپٹن کے سینئر رہائشی 2022 میں شروع کیے گئے برامپٹن سینئر ریزیڈنٹ فری اینوئل فیئر پاس پروگرام کے تحت بدستور مفت سفر کرتے رہیں گے۔
مزید معلومات یا سفر کی منصوبہ بندی کیلئے شہری برامپٹن ٹرانزٹ کی ویب سائٹ سے رجوع کر سکتے ہیں یا 2999-874-905 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ سروس اپڈیٹس کیلئےبرامپٹن ٹرانزٹ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فالو کیا جا سکتا ہے۔

