برامپٹن/پیل ریجن میں بھتہ خوری کیخلاف وفاقی و صوبائی حکومت سے مداخلت کا مطالبہ

اوٹاوا (سٹی آف برامپٹن، برامپٹن سٹی کونسل) برامپٹن اور پیل ریجن میں بھتہ خوری اور سرحد پار منظم جرائم میں خطرناک اضافے کے بعد برامپٹن کے میئرپیٹرک براؤن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے فوری اور ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزیرِاعظم مارک کارنی، وفاقی وزیرِ پبلک سیفٹی گیری آننداسنگری، وزیرِاعلیٰ اونٹاریو ڈگ فورڈ اور صوبائی سولیسیٹر جنرل مائیکل کرزنر کو باضابطہ خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔

برامپٹن سٹی کونسل کی متفقہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پیل ریجن میں بھتہ خوری کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہو چکا ہے، جہاں چھوٹے کاروبار، خاندان اور کمزور طبقے تشدد، آتش زنی اور دھمکیوں کے ذریعے نشانہ بن رہے ہیں۔ کونسل کے مطابق ان جرائم کی نوعیت، وسعت اور سرحد پار نیٹ ورکس سے وابستگی ایسی ہے جس سے نمٹنا صرف بلدیاتی وسائل کے بس کی بات نہیں رہا۔

خطوط میں اس امر کی نشاندہی کی گئی ہے کہ برٹش کولمبیا میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے منظم جرائم کے خلاف خصوصی ٹاسک فورسز، انٹیگریٹڈ انفورسمنٹ ٹیموں اور متاثرین کے لیے حفاظتی و معاون پروگراموں کے لیے فنڈنگ فراہم کی، جو ایک مؤثر ماڈل ثابت ہوا۔ برامپٹن سٹی کونسل کا مؤقف ہے کہ پیل ریجن میں جرائم کی شرح اب اس سطح پر پہنچ چکی ہے جو برٹش کولمبیا میں وفاقی مداخلت کا سبب بنی تھی، اس لیے مساوی سلوک کا تقاضا ہے کہ اسی نوعیت کی مدد یہاں بھی فراہم کی جائے۔

کونسل نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیل ریجن کے لیے خصوصی بھتہ خوری اور منظم جرائم کے خلاف ٹاسک فورس فنڈنگ فراہم کی جائے، متاثرین کے لیے ثقافتی طور پر موزوں معاون خدمات، سیفٹی پلاننگ اور رپورٹنگ کی حوصلہ افزائی کیلئے وسائل مختص کیے جائیں، جبکہ وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی اداروں کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ اور رابطہ کاری کا مؤثر نظام قائم کیا جائے۔

اسی طرح صوبہ اونٹاریو سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر برٹش کولمبیا کے ماڈل پر ایک خصوصی وکٹم سپورٹ فنڈ قائم کرے تاکہ متاثرین کو بروقت، مربوط اور مؤثر معاونت فراہم کی جا سکے۔ کونسل کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں مضبوط ہوں گی بلکہ متاثرین کا اعتماد بھی بحال ہو گا اور جرائم کی رپورٹنگ میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔

برامپٹن سٹی کونسل نے واضح کیا ہے کہ وہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہے تاکہ ایسے عملی اور دیرپا حل نافذ کیے جا سکیں جو پیل ریجن میں عوامی تحفظ کو یقینی بنائیں اور منظم جرائم کے خلاف مؤثر قومی ردِعمل کی عکاسی کریں۔