برامپٹن(نمائندہ خصوصی)حسین فاؤنڈیشن نے کرسمس کے موقع پر برامپٹن بلیسڈ ہوپ چرچ کا دورہ کیا جہاں بچوں اور چرچ کے اراکین میں کرسمس کے تحائف تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر تہوار کی اصل روح، خوشی، یکجہتی اور خیرسگالی کو اجاگر کیا گیا۔

یہ اقدام حسین فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کی کاوشوں سے ممکن ہوا، جبکہ وہو از حسین ٹیم کی جانب سے تعاون اور خوبصورتی سے تیار کیے گئے تحائف کی تقسیم پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا۔ حسین فاؤنڈیشن کے صدر سید میسم رضا نے چرچ کے پادری نذیر کو سورۃ مریم پر مشتمل فریم شدہ قرآن مجید بطور تحفہ پیش کیا، جو مختلف مذاہب کے درمیان محبت، احترام اور مشترکہ اقدار کی علامت قرار دیا گیا۔
حسین فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے اس موقع پر اسلام کے بنیادی اصولوں، مساوات، ہمدردی اور بانٹنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی، خصوصاً خوشیوں کے مواقع پر۔ تقریب میں باہمی احترام اور اتحاد کا پیغام نمایاں رہا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ انسانیت اور نیکی تمام اختلافات سے بالاتر ہیں۔
حسین فاؤنڈیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مختلف کمیونٹیز کے درمیان روابط مضبوط کرنے، امن، ہم آہنگی اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

