برامپٹن کی روزشل کمپنی کا سویڈن کی سویبور ڈیفنس کے ساتھ اسٹریٹجک اشتراک

برامپٹن (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے شہر برامپٹن میں قائم معروف کمپنی روزشل انکارپوریٹڈ نے سویڈن کی دفاعی کمپنی سویبور ڈیفنس کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان وزیرِ خارجہ میلانیا جولی کے سرکاری دورہ اسٹاک ہوم کے موقع پر کیا گیا۔ اس اشتراک کو کینیڈا اور سویڈن کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو بریمپٹن کے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے کردار اور جدید مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے۔

روزشل، جو بکتر بند گاڑیوں کی نمایاں صنعت کار ہے، اب اپنی پیداوار میں سویبور کے جدید اسٹیل ٹیکنالوجی کو شامل کرے گی۔ اس اقدام سے کینیڈا کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور بریمپٹن میں نئی معاشی سرگرمیوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو نے اس موقع پر کہا”میں بریمپٹن کی روزشل کمپنی کو سویبور ڈیفنس کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر مبارکباد دیتی ہوں۔ یہ اقدام کینیڈا کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ شراکت بریمپٹن کی کمیونٹی میں موجود جدت اور قیادت کا مظہر ہے۔”

وزیرِ خارجہ میلانیا جولی نے بھی اس شراکت داری کو عالمی تعاون کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا”کینیڈا دنیا بھر میں جدت کا رہنما ہے۔ ہماری کمپنیاں اور کارکنان بین الاقوامی معیار کی بلندیوں پر ہیں، جو سرمایہ کاری کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں اور مضبوط شراکتیں قائم کر رہے ہیں۔

اس نازک وقت پر کینیڈا اپنے قابلِ اعتماد اتحادیوں کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کر رہا ہے، سپلائی چین کو متنوع بنا رہا ہے اور دنیا کو جدید ٹیکنالوجی، وسائل اور مہارت فراہم کر رہا ہے۔”

یہ معاہدہ کینیڈا کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی تعاون کو مزید گہرا کرے اور بریمپٹن کی استعداد کو اجاگر کرے، تاکہ یہ شہر اسٹریٹجک صنعتوں میں قیادت کا کردار ادا کر سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں