ابوظبی (اماراتی میڈیا) برطانیہ کے جنگی جہاز خلیج عرب سے واپس روانہ ہوگئے ہیں جس کے بعد 1980 کے بعد پہلی مرتبہ خطے میں برطانوی جنگی جہازوں کی مستقل موجودگی ختم ہو جائے گی۔
اماراتی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی بحریہ کا آخری مائن سوئیپر جنگی جہاز بھی آئندہ ماہ مارچ میں بحرین سے روانہ ہو جائے گا جبکہ برطانوی فریگیٹ کو گزشتہ سال کے اختتام پر ہی واپس بلا لیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق دفاعی بجٹ میں کمی کے باعث برطانوی بحریہ کو جنگی جہازوں کی کمی کا سامنا ہے، تاہم کسی ممکنہ ہنگامی یا جنگی صورتحال کی صورت میں بڑا جنگی جہاز خطے میں تعینات کیا جا سکتا ہے، اگرچہ اس حوالے سے فوری کوئی منصوبہ موجود نہیں۔
اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے روایتی بحری تعیناتی کے بجائے بغیر عملے والی کشتیوں اور جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے سمندری نگرانی کا نیا نظام اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بحرین میں قائم برطانوی فوجی ہیڈکوارٹر بدستور فعال رہے گا۔

