برطانوی شہزادہ ولیم کی گزشتہ سال کی آمدنی کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
برطانوی میڈیا کی مختلف رپورٹس کے مطابق، شہزادہ ولیم نے گزشتہ سال میں ڈچی آف کارن وال اسٹیٹ کے مالک کے طور پر اپنے نئے کردار میں مجموعی طور پر 31 ملین ڈالرز کمائے جو انہیں شاہ شارلس سوم کے برطانوی شاہی تخت سنبھالنے کے بعد وراثت میں ملا۔
ڈچی آف کارن وال اسٹیٹ کی طرف سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ بھی شہزادہ ولیم کی گزشتہ مالی سال 24-2023 میں 23.6 ملین پونڈز یعنی 30.4 ملین ڈالرز کی آمدن ظاہر کرتی ہے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ شہزادہ ولیم شاہی خاندان کا ایک ورکنگ ممبر ہے جسے روایتی آمدنی نہیں ملتی لہٰذا ان کے سالانہ اخراجات بڑے پیمانے پر ڈچی آف کارن وال اسٹیٹ کے ذریعے پورے کیے جاتے ہیں جو کہ شاہ ایڈورڈ سوم نے1337ء میں تخت کے وارث کے لیے فنڈز فراہم کرنے کے لیے قائم کی تھی۔
اس اسٹیٹ کی مالیت 1 بلین ڈالرز سے زائد ہےجو انگلینڈ اور ویلز کی 23 کاؤنٹیز میں 130,000 ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہے جس میں وارث اور اس کے خاندان کی کفالت کے لیے زمین، کھیت، مکانات اور دیگر اثاثے شامل ہیں۔
شہزادہ ولیم گھریلو اخراجات کو پورا کرنے کے بعد اسٹیٹ سے اپنی تمام آمدنی پر انکم ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں جس کی رپورٹ میں وضاحت نہیں کی گئی ہے۔