برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے نسل پرستانہ فسادات پر قابو پانے کیلئے کوبرا میٹنگ طلب کر لی

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے نسل پرستانہ فسادات پر قابو پانے کیلئے کوبرا میٹنگ طلب کر لی۔

برطانیہ میں کوبرا میٹنگ (کیبنیٹ آفس بریفنگ روم اے) حالت جنگ جیسی صورتحال میں بلائی جاتی ہے۔

اجلاس میں گزشتہ ویک اینڈ پر ہونے والے نسل پرستانہ حملوں میں ملوث افراد کے خلاف کاررروائی پر غور کیا جائے گا۔

برطانوی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اب تک 150 شرپسندوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، سیکڑوں کی ویڈیوز سے نشاندہی ہو چکی ہے، شرپسندوں کیلئے جیلیں تیار کر لی گئی ہیں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

کوبرا اجلاس میں وزراء، سول سروسز، پولیس اور انٹیلیجنس افسران ملک بھر میں پھیلنے والے ہنگاموں اور ان سے نمٹنے کی منصوبہ بندی سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے 20 سے زائد شہروں میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ 5 روز میں 150 پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں شہری زخمی ہوگئے۔

برطانیہ میں لیورپول، مانچسٹر، بلیک پول سمیت 20 سے زائد شہروں میں سفید فام نسل پرستوں کے حملوں کے بعد صورتحال کشیدہ ہے اور 5 روز میں 150 پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں شہری زخمی ہوگئے۔

مختلف شہروں میں پولیس اسٹیشنز کو آگ لگائی گئی ہے، جبکہ اسٹورز لوٹنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں