برطانوی وزیرِ اعظم کی رہائش گاہ کے دروازے سے گاڑی ٹکرانے والے ملزم کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نشے میں دھت ڈرائیور نے رواں سال جون میں اپنی گاڑی برطانوی وزیرِ اعظم کی رہائش گاہ کنٹری اسٹیٹ کے دروازے سے ٹکرا دی تھی۔مقامی پولیس کے مطابق وزیرِ اعظم کی رہائش گاہ کے دروازے سے گاڑی ٹکرانے والے میتھیو ووٹن نامی مجرم کو 2 سال اور 8 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے اور 40 ماہ تک ڈرائیونگ کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مجرم مقررہ حد سے 3 گنا زیادہ شراب کے نشے میں تھا، اس کی گاڑی سے شراب کے کین بھی برآمد ہوئے تھے۔برطانوی پولیس کے مطابق میتھیو ووٹن نے 25 جون کو برطانوی وزیرِ اعظم کی رہائش گاہ کے 80 سالہ پرانے دروازے کو گاڑی سے ٹکر مار کر توڑ دیا تھا۔عدالت نے مجموعی طور پر تقریباً 49 ہزار ڈالرز کے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے۔خیال رہے کہ واقعہ عام انتخابات سے قبل پیش آیا تھا جب رشی سونک وزیرِ اعظم تھے۔