برطانیہ کے ٹام پڈکاک نے پنکچر ہونے کے باوجود حیرت انگیز طور پر پیرس اولمپک ماؤنٹین بائیک ٹائٹل دوبارہ جیت لیا۔عالمی چیمپئن ٹام پڈکاک نے فرانسیسی کھلاڑی وکٹر کوریزکی کو زبردست مہارت کے ساتھ شکست دے کر اپنی سائیکل پنکچر ہونے کے باوجود اولمپک ماؤنٹین بائیک ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کیا، وہ ایک وقت میں کوریزکی سے 39 سیکنڈ پیچھے تھے۔
ریس کے تیسرے چکر میں، جب پڈکاک سبقت لے رہے تھے تو انہیں اپنی سائیکل پنکچر ہونے کی وجہ سے جیتنے کے امکانات ختم ہوتے نظر آ رہے تھے، مگر انہوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوبارہ سبقت حاصل کر لی۔
آخری چکر کے آغاز میں ہی پڈکاک نے کوریزکی کو پکڑ لیا، تاہم آخری مراحل میں جب کوریزکی نے حملہ کیا تو پڈکاک نے اپنے شاندار بائیک ہینڈلنگ اسکلز کا مظاہرہ کرتے ہوئے درختوں کے درمیان سے راستہ بنایا اور آخری لمحے میں سبقت حاصل کر لی۔
اس مقابلے میں کانسی کا تمغہ جنوبی افریقہ کے ایلن ہیتھرلی نے جیتا، جو مزید دو سیکنڈ پیچھے تھے۔یاد رہے کہ 3 سال قبل ٹوکیو میں، پڈکاک پہلے برطانوی بنے تھے جنہوں نے کراس کنٹری ماؤنٹین بائیک میں اولمپک گولڈ میڈل جیتا تھا۔ انہوں نے عالمی اور یورپی ٹائٹلز بھی جیتے ہیں، وہ ورلڈ سائیکلو کراس چیمپئن بھی رہ چکے ہیں۔
پڈکاک کو اولمپکس کی تیاری کے دوران بھی مشکلات کا سامنا رہا تھا، کیونکہ وہ ٹور ڈی فرانس کے دوران کوویڈ-19 کے مثبت ٹیسٹ کی وجہ سے مقابلے سے باہر ہو گئے تھے۔ تاہم وہ بروقت صحتیاب ہو کر اپنا ٹائٹل بچانے میں کامیاب رہے ہیں اور انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ دنیا کے بہترین ماؤنٹین بائیکرز میں سے ایک ہیں۔