لندن: برطانیہ بھر میں زہریلے بادلوں کے پھیلنے پر شہریوں کے لیے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں زہریلی گیس سے بھرے بادلوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، حکام نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق برطانیہ اس وقت آتش فشاں کے تیزابی بادلوں کی لپیٹ میں ہے، آئس لینڈ میں آتش فشاں پھٹنے سے برطانیہ کے کئی علاقوں میں سلفر ڈائی آکسائیڈ کے بادل چھا گئے ہیں۔ شمالی یورپ اور اسکینڈے نیویا کے علاقوں میں بھی کچھ ایسی ہی صورت حال ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سلفر ڈائی آکسائیڈ سے بھرے بادلوں کے باعث سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن، زکام، کھانسی اور جلد کی بیماری ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ آئس لینڈ میں آتش فشاں گزشتہ سال دسمبر کے بعد چھٹی بار پھٹنے کے بعد سلفر ڈائی آکسائیڈ کا بادل برطانیہ بھر میں پھیل رہا ہے۔ لندن، نارویچ، ہل اور سنڈرلینڈ ایسے کئی شہر ہیں جو SO2 کا سامنا کر رہے ہیں، ایس او ٹو بنیادی طور پر کوئلے یا خام تیل کے جلنے سے پیدا ہوتا ہے۔ یہ ایک بے رنگ گیس ہے اور دمہ کے مریضوں کے لیے خطرناک ہے۔