برطانیہ : رادرھم ٹاؤن میں پہلی پاکستانی نژادمسلم خاتون مئیر منتخب

رادرھم(نمائندہ خصوصی)برطانیہ کے معروف ٹاؤن رادرھم میں تاریخ رقم ہو گئی، جب پہلی بار ایک پاکستانی نژاد مسلم خاتون رخسانہ اسماعیل کو مئیر منتخب کر لیا گیا۔ ان کے انتخاب کو پاکستانی کمیونٹی نے فخر اور خوشی کا باعث قرار دیا ہے اور اسے ایک ایسا لمحہ قرار دیا گیا ہے جو نہ صرف برطانیہ بلکہ پاکستان کیلئےبھی باعثِ فخرہے۔

نومنتخب مئیر رخسانہ اسماعیل نے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو نہایت سنجیدگی اور دیانتداری سے نبھائیں گی۔”میرا وژن ایک ایسا رادرھم ہے جہاں تمام برادریاں یکساں مواقع کے ساتھ ترقی کریں، خواتین کو بااختیار بنایا جائے، نوجوانوں کیلئےتعلیمی اور پیشہ ورانہ راہیں ہموار کی جائیں اور ہم آہنگی و رواداری کو فروغ دیا جائے۔” انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پاکستانی ورثے پر فخر محسوس کرتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ دنیا میں پاکستان کا مثبت اور حقیقی چہرہ اجاگر ہو۔

اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے عمائدین اور برطانوی شہریوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی اور رخسانہ اسماعیل کو مبارکباد پیش کی۔یہ کامیابی تارکینِ وطن پاکستانیوں کیلئےایک نئی امید ہے کہ محنت، دیانت اور لگن سے دنیا کے کسی بھی میدان میں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں