لندن: ساؤتھ پورٹ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مسجد جلانے کی پوسٹ شیئر کرنے والے شخص کو سزا سنادی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ایک شخص نے ساؤتھ پورٹ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مسجدوں کو نمازیوں سمیت جلانے کی پوسٹ شیئر کی تھی، جس پر عدالت نے ملزم کو 2 سال قید کی سزا سنادی۔
برطانوی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 43 سالہ مجرم جیرائنٹ بوائس نے3 بچیوں کے قتل کے بعد کئی پوسٹس کیں اور مجرم نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت والا تحریری مواد شیئر کیا تھا۔
اس سے قبل بھی برطانوی عدالت کی جانب سے پرتشدد مظاہروں کے دوران مساجد سے متعلق نفرت انگیز سوشل میڈیا پوسٹ پر 53 سالہ خاتون جولی سیوینی کو 15 ماہ قید کی سزا سنائی جاچکی ہے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل لندن میں ایک جھوٹی خبر پھیلادی گئی تھی کہ ساؤتھ پورٹ میں 3 بچیوں کو ہلاک کرنے والا شخص ایک مسلمان تارک وطن ہے جبکہ حقیقت یہ تھی کہ اس واقعے کے 17 سالہ ملزم کا تعلق روانڈا سے تھا۔
یہ جھوٹی سامنے آنے کے بعد برطانیہ میں مسلمانوں اور تارکین وطن کے خلاف سفید فام انتہا پسندوں کے حملے شروع ہوگئے تھے اور برطانیہ میں مقیم مسلم کمیونٹی کودھمکیاں ملنے لگی تھیں۔