لندن(ایجنسیاں)برطانیہ کے مختلف علاقوں میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت گرنے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔لندن، جنوبی انگلینڈ، مڈلینڈز، نارتھ ویسٹ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں برفباری کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں سب سے زیادہ برفباری کے پیش نظر ایمبر وارننگ جاری کی گئی، جبکہ دیگر کئی علاقوں میں یلو وارننگ دی گئی ہے۔
برفباری اور سخت سردی کی وجہ سے بجلی کی عارضی بندش کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ یوکے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق جمعہ تک انگلینڈ میں صورتحال وقفے وقفے سے برقرار رہ سکتی ہے۔سیکرٹری صحت ویس اسٹریٹنگ نے این ایچ ایس اسپتالوں پر ممکنہ اضافی دباؤ کا بھی امکان ظاہر کیا اور عوام کو ہنگامی حالات میں اے اینڈ ای سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ برفباری کے باعث متعدد علاقوں میں گاڑیوں میں حادثات کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

