برطانیہ میں طوفان فلورِس کے باعث ٹرینیں منسوخ، تقریبات ملتوی

لندن(نمائندہ خصوصی)طوفان فلورِس کے زیرِ اثر برطانیہ بھر میں تیز ہواؤں اور بارش کے سبب ریلوے سروسز اور تقریبات متاثر ہو گئیں، متعدد علاقوں میں ایمبر اور یلو وارننگ جاری کر دی گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق طوفان فلورِس کے باعث اسکاٹ لینڈ، شمالی آئرلینڈ، ویلز اور شمالی انگلینڈ میں غیر معمولی شدید ہوائیں اور بارشیں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

اسکاٹ لینڈ کے وسیع علاقوں میں صبح 10 بجے سے ایمبر وارننگ نافذ کی گئی ہے، جب کہ شمالی انگلینڈ، ویلز، شمالی آئرلینڈ اور دیگر حصوں کے لیے صبح 6 بجے سے یلو وارننگ جاری کی گئی ہے۔

شدید موسمی صورتحال کے پیشِ نظر نیو کیسل کے شمال میں ایسٹ کوسٹ مین لائن کی ٹرین سروسز منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ پریسٹن کے شمالی علاقوں میں ریلوے مسافروں کو سفر سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔

برطانوی میڈیا نے بتایا ہے کہ گلاسگو سے اسکاٹش جزائر کی جانب جانے والی کئی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ادھر ایڈنبرا میں واقع پرنسز اسٹریٹ گارڈنز بند کر دیے گئے ہیں۔

نارتھ بیروک میں ہونے والا “فرنج بائے دی سی” فیسٹیول بھی موسمی صورتحال کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام نے ڈرائیوروں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کی ہے۔

رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ طوفان اور تیز ہواؤں کے باعث نظامِ زندگی میں بڑے پیمانے پر خلل پیدا ہو سکتا ہے، جبکہ مزید بارش اور آندھی کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں