لندن (نمائندہ خصوصی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کے برطانیہ کیلئےفلائٹ آپریشنز کی بحالی کے موقع پر پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (FCDO) کے سینئر حکام، پی آئی اے یوکے کے اسٹیشن منیجر اور عملہ، ممتاز برطانوی پاکستانی تاجر، سماجی شخصیات اور پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پی آئی اے کے فلائٹ آپریشنز کی بحالی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان نئے معاشی باب کا آغاز ہے۔ اس سنگ میل سے نہ صرف تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ عوام اور سامان کی نقل و حرکت کو بھی نئی وسعت حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروازیں صرف آمد و رفت کا ذریعہ نہیں بلکہ نئے مواقع، روابط اور تعلقات کو مضبوط بنانے کا وسیلہ بھی ثابت ہوں گی۔ہائی کمشنر نے وزیر اعظم پاکستان اور نائب وزیر اعظم کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی قیادت اور وژن نے پی آئی اے کی ساکھ کو بحال کرنے اور برطانیہ میں اس کی واپسی ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر فیصل نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، وزارتِ ہوابازی اور پی آئی اے کی قیادت اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستقل مزاجی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور عزم نے تاریخی کامیابی کو ممکن بنایا۔ انہوں نے برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی اور حکومتِ برطانیہ کے تعاون اور تکنیکی معاونت پر بھی شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں پی آئی اے کی اسٹیشن منیجر نادیہ نے بتایا کہ پی آئی اے 25 اکتوبر 2025 سے اسلام آباد اور مانچسٹر کے درمیان ہفتہ وار دو براہِ راست پروازیں شروع کریگی۔

