برطانیہ: 1 شخص بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا، 20 ہزار گھروں کی بجلی منقطع

ویسٹ یارکشائر(ایجنسیاں)برطانیہ میں پریشان حال شخص ہائی وولٹیج بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا، جس کے باعث تقریباً 20 ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی۔عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ برگ ہاؤس میں پیش آیا، جہاں مذکورہ شخص، جو مبینہ طور پر ذہنی دباؤ کا شکار تھا، شہر کے مرکز میں واقع سینسبری کے قریب بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔

پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔ پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعہ گزشتہ روز صبح 9 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ چند گھنٹوں کے بعد مذکورہ شخص خود نیچے اترا اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔واقعے کے باعث قریبی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، تاہم بجلی بحالی کا عمل جاری ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل 2017ء میں لنکاشائر میں ایک شخص کو بجلی کی 275 کے وی لائن سے تقریباً 60 فٹ بلندی پر لٹکتے ہوئے بچایا گیا تھا۔