برٹش کولمبیا: اسکول فائرنگ میں 9 افراد ہلاک، 27 زخمی، ملزمہ کی شناخت ہوگئی

ٹمبلر رج، برٹش کولمبیا (نمائندہ خصوصی) کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے چھوٹے سے قصبے ٹمبلر رج میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 9 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔ رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (آر سی ایم پی) نے ملزمہ کی شناخت 18 سالہ جیسی وین روٹسیلار کے نام سے کی ہے، جو مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر ہلاک ہوگئی۔

پولیس کے مطابق ملزمہ نے اسکول جانے سے قبل اپنے گھر میں اپنی والدہ اور سوتیلے بھائی کو قتل کیا، جس کے بعد ٹمبلر رج سیکنڈری اسکول میں فائرنگ کی۔ اسکول میں ایک استاد اور پانچ طلبہ ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ لائبریری میں موجود تھے۔ ہلاک ہونے والے طلبہ کی عمریں 12 سے 13 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسکول سے دو آتشیں اسلحہ برآمد کیے گئے ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ملزم نے اسلحہ کیسے حاصل کیا۔ واقعے کا محرک بھی تاحال سامنے نہیں آ سکا۔

تقریباً 2400 آبادی پر مشتمل کمیونٹی میں اس سانحے کے بعد سوگ کی فضا ہے۔ کینیڈا اور دنیا بھر کے رہنماؤں، جن میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس بھی شامل ہیں، نے اس المناک واقعے پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔