پرنسٹن، برٹش کولمبیا(گلوبل نیوز+سٹی نیوز وینکوور+ کوسٹ رپورٹر)برٹش کولمبیا کے شہر پرنسٹن کے مشرق میں آگسٹ لیک کے قریب اچانک بھڑکنے والی جنگلاتی آگ کے باعث 30 جائیدادوں کیلئےانخلا کا حکم جاری کر دیا گیا ہے جبکہ 40 مزید گھروں کو خطرے کے پیش نظر وارننگ جاری کی گئی ہے۔ آگ کا رقبہ تیزی سے 14 ہیکٹر تک پھیل گیا ہے۔
بی سی وائلڈفائر سروس کے مطابق پرنسٹن گالف کلب کے قریب واقع آگ ہفتہ کی دوپہر 2 بجے کے قریب شروع ہوئی، جو ابتدا میں محض ایک کار جتنے حصے تک محدود تھی۔ تاہم ہوا کی شدت کے باعث یہ صرف 20 منٹ میں دگنی ہو گئی اور بعد ازاں 14 ہیکٹر تک پھیل گئی۔
ریجنل ڈسٹرکٹ آف اوکاناگن-سمیلکامین نے فوری طور پر 30 جائیدادوں کے لیے انخلا کا حکم دیا جبکہ مزید 40 کو الرٹ پر رکھا گیا ہے، جن میں پرنسٹن کے میئر اسپینسر کوائن کا گھر بھی شامل ہے۔ میئر کوائن نے کہا کہ اگرچہ آگ تیزی سے پھیلی، تاہم فائر چیف نے اطلاع دی ہے کہ اب رہائشی جائیدادوں کو درپیش خطرہ کم ہو گیا ہے۔
آگ بجھانے کیلئے 40 فائرفائٹرز، 3 ہیلی کاپٹرز اور واٹر بمبرز (پانی گرانے والے طیارے) متحرک ہیں، جبکہ قریبی علاقوں، بشمول ٹُلامین اور ایرِس کی فائر بریگیڈز بھی امدادی کارروائیوں میں شامل ہیں۔
بی سی وائلڈفائر سروس کا کہنا ہے کہ آگ فی الحال درجہ ایک سے دو کے درمیان شدت رکھتی ہے، یعنی شعلے زمین پر موجود ہیں لیکن تیزی سے نہیں پھیل رہے۔ اگرچہ مکمل کنٹرول کا وقت نہیں بتایا جا سکتا، تاہم موسم کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ادھر کیریمیوس کے جنوب مغرب میں کیتھیڈرل صوبائی پارک کے قریب “ینگ کریک” کے مقام پر لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے جنوبی حصوں میں خشک موسم اور گرمی کے باعث مزید جنگلاتی آگیں بھڑک سکتی ہیں۔
اتوار کے روز صوبے بھر میں گرج چمک کے طوفان کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے، جو آگ کے خطرے میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ سروس کے مطابق 80 فیصد جنگلاتی آگیں آسمانی بجلی گرنے سے، جبکہ 18 فیصد انسانی عوامل کی وجہ سے لگی ہیں۔ آگ زمین کے نیچے کئی دن یا ہفتوں تک چھپی رہ سکتی ہے اور موسم خشک ہوتے ہی دوبارہ بھڑک اٹھتی ہے۔

