برکشائر ہیتھوے کے چیئرمین وارین بوفے نے اپنی وصیت تبدیل کردی، انتقال کے بعد ان کی دولت کسے ملے گی؟ اس حوالے سے انہوں نے بتا دیا۔
93 سالہ وارین بوفے نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ انہوں نے اپنی وصیت تبدیل کردی ہے اور اب ان کے انتقال کے بعد بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کو ان کی دولت میں سے عطیات نہیں ملیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے بجائے وہ اپنی دولت کو اپنے 3 بچوں کی جانب سے چلائے جانے والے خیراتی ٹرسٹ کے لیے مختص کریں گے۔
وارین بوفے نے بتایا کہ وہ اپنی وصیت کئی مرتبہ تبدیل کرواچکے ہیں اور حالیہ تبدیلی کی وجہ یہ ہے کہ دولت کو مناسب طریقے سے بچوں میں تقسیم کیا جائے اور انہیں اپنے بچوں کی اخلاقی اقدار اور صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے کیونکہ وہ تینوں پہلے ہی خود خیراتی اداروں کو چلا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے یہ سب کرتے ہوئے کافی اچھا محسوس ہو رہا ہے کیونکہ میرے تینوں بچوں میں اخلاقی اقدار موجود ہیں، اور مجھے ان پر 100 فیصد بھروسہ ہے کہ وہ اس کام کو زیادہ اچھے طریقے سے دیکھیں گے۔
اس سے قبل وارین بوفے کا کہنا تھا کہ ان کی 99 فیصد سے زیادہ جائیداد بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن اور چار خاندانوں سے متعلقہ خیراتی اداروں کے ذریعے مختص کی گئی ہے۔
وہ ابھی بھی ان اداروں کو بڑی تعداد میں عطیات دیتے ہیں، گزشتہ برس انہوں نے 870 ملین ڈالر عطیات کیے تھے، جبکہ 2022 میں انہوں نے 750 ملیں ڈالر کے قریب رقم عطیہ کی تھی۔
نئے عطیات کے اعلان کے بعد وارن بافیٹ کی ملکیت میں برکشائر ہیتھوے کے 2 لاکھ 7 ہزار 963 کلاس اے شیئرز اور 2 ہزار 586 کلاس بی شیئرز ہیں جن کی کل مالیت 128 ارب ڈالر بنتی ہے۔