چھتوں کی ڈرون کیمروں کے ساتھ انسپیکشن جاری
کمرشل میزبان چھت کے پاس این او سی ہونا لازمی ہے
انتظامیہ کے ایس او پی ز کے مطابق پتنگ بازی کیلئے چھتوں کی رجسٹریشن بھی جاری ہے
کمشنر مریم خان اور ڈی سی کے لگاتا دورے، اندرون لاہور پر فوکس مرکوز
دہلی دروازے پر محکمہ صحت، ریسکیو، ایل ڈبلیو ایم سی و دیگر کے کیمپس و کاونٹرز قائم
لاہور میں ایک طویل عرصہ بعد ہونے والے بسنت کے روایتی تہوار کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئیں، پورے ملک سے پتنگ بازوں نے لاہور میں ڈیرے جمالئے۔ بسنت کیلئے پتنگوں کی خریدوفروخت بھی جاری ہے تاہم ڈور اور پتنگوں کی عدم دستیابی کے باعث شہری زائد قیمت پر فروخت کی شکایت کرتے نظر آرہے ہیں۔ پتنگ بازی کے مراکز موچی گیٹ، رنگ محل،باغبانپورہ میں سارا دن خریداروں کا رش رہا جو اپنے شوق کی خاطر مہنگے داموں گڈی ڈور خریدنے پر مجبور ہیں۔
لاہور انتظامیہ کے شہر میں محفوظ بسنت آگاہی مہم و سیفٹی اقدامات کے حوالے سے مختلف علاقوں کے دورے جاری ہیں۔ کمشنر لاہور مریم خان نے ڈی سی لاہور کیپٹن ر علی اعجاز، ایس ایس پی آپریشنز توقیر احمد کے ہمراہ دہلی دروازے اندرون لاہور اور شاہدرہ کا دورہ کیا. اندرون لاہور دہلی دروازے پر محکمہ صحت، ریسیکیو، ایل ڈبلیو ایم سی و دیگر محکموں کی جانب سے کیمپس و کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ دہلی گیٹ پر ریسکیو 1122 کی جانب سے بسنت کے دنوں میں ایمرجنسی کی صورت میں فوری ریسکیو (ماک ایکسرسائز) کا مظاہرہ کیا گیا۔
کمشنرلاہور نے فوری طبی امداد کیلئے صحت کاونٹر پر ادویات و طبی عملے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دہلی گیٹ ایریا میں صفائی و واساآپریشنز کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مریم خان نے کہا کہ اندرون لاہور سمیت پورے شہر میں بسنت قوانین آگاہی و سیفٹی مہم گہماگہمی عروج پر ہے، اندرون لاہور و سرکلر روڈ پورے ایریا میں جامع صفائی پرگرام جاری رہیگا۔
انہوں نے کہا کہ یکم فروری تا 8فروری بسنت خریدوفروخت کی اجازت ہے، ہر سیل پوائنٹ کی سخت چیکنگ جاری ہے، چرخی، دھاتی و نائیلون ڈور پر پابندی ہے خلافورزی پر انتہائی سخت کاروائی ہوگی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات واضح ہیں، سیفٹی اقدامات کو سو فیصد یقینی بنایا جارہا ہے، تمام محکموں پر مشتمل کوئیک ریسپانس ٹیمز پورے شہر میں فعال ہو گئی ہیں، بسنت قوانین پر عملدرآمد ثقافتی تہوار کا احیاء ثابت ہوگا۔
اس موقع پر ڈی سی لاہور کیپٹن ر علی اعجاز نے کہ شہریوں کا محفوظ بسنت کیلئے ذمہ دارانہ کردار اہم ترین ہے، شہری انتظامیہ کی مدد کریں اور بسنت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع دیں فوری ایکشن ہو گا، شہری بسنت قوانین اور بسنت ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں یہ اولین ترجیح ہونی چاہئیے،ایس ایس پی آپریشنز توقیر احمد کا کہنا ہے کہ قانون و بسنت آرڈنینس کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے۔
کمشنرلاہورڈویژن مریم خان کا کہنا ہے کہ بسنت 2026 کو محفوظ کامیاب ایونٹ بنانے کیلئےاقدامات جاری ہیں، چھتوں کی ڈرون کیمروں کے ساتھ انسپیکشن جاری ہے، ہر میزبان چھت کے پاس این او سی ہونا لازمی ہے، انتظامیہ کے ایس او پیز کے مطابق پتنگ بازی کیلئے چھتوں کی رجسٹریشن ہورہی ہے، ایس او پیز کے مطابق مخصوص تعداد سے اوپر چھت پر پتنگ بازی اکٹھ کیلئے این او سی لازمی ہے، کوئیک ریسپانس ٹیمیں ہر میزبان جگہ اور روف ٹاپ کا این او سی چیک کریں گی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔
کمشنرلاہور نے کہا کہ ریڈ زون سمیت شہر کے تمام علاقوں میں سیل پوائنٹس کی رجسٹریشن کرکے تعداد مزید بڑھائی جارہی ہے، 2ہزار 2سو 76 سے زائد سیلرز کو این او سی جاری کیے جاچکے ہیں۔ کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں بسنت ضابطہ اخلاق و قوانین کے بارے میں آگاہی مہم جاری ہے، شہری خیال رکھیں کہ انکی حفاظت و خوشیوں کہ حفاظت انتظامی ذمہ داری ہے، باشعور شہری، ذمہ دار شہری و انتظامی کاوشیں خوبصورت تہوار کا احیاء ثابت ہونگی۔

