بھارت:بصارت سے محروم عمر رسیدہ جوڑا 30 سالہ بیٹے کی موت سے 4دن بے خبر رہا

بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد میں جوڑے نے اپنے مردہ بیٹے کی لاش کے ساتھ گھر میں چار دن گزار دیے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بصارت سے محروم عمر رسیدہ جوڑا 30 سالہ بیٹے کی موت سے بے خبر تھا جس کی وجہ سے لاش 4 دن تک گھر میں گلتی سڑتی رہی۔

وہ مزید کچھ دن اور گزار دیتے اگر ان کے پڑوسی گھر سے لاش سڑنے کی بدبو آنے پر اطلاع پولیس کو نہ دیتے۔پولیس نے بتایا کہ کلووا رمنا ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم ہے جو اپنی بیوی شانتی کماری اور چھوٹے بیٹے پرمود کے ساتھ کرائے کے اپارٹمنٹ میں رہ رہا ہے۔

پرمود شراب پینے کا عادی تھا جس وجہ سےاس کی بیوی دو بیٹیوں کےساتھ الگ رہ رہی ہے۔پولیس آفیسر سوریہ نائک نے بتایا کہ کلووا رمنا اور شانتی کماری کی عمریں 60 سال سے زائد ہیں، انہوں نے بیٹے کو کھانے اور پانی کیلئے آواز دی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

سوریہ نائک نے بتایا کہ جب پولیس گھر پہنچی تو پرمود کے والدین نیم بے ہوشی کی حالت میں ملے، انہیں فوراً کھانا اور پانی فراہم کیا گیا، جوڑے نے مدد کیلئےآواز دی ہوگی لیکن پڑوسیوں نے نہیں سنی۔انہوں نے کہا کہ پرمود کی موت شاید چار سے پانچ دن پہلے ہوئی تھی، لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دیا جس کی رپورٹ آنے کے بعد موت کی وجہ معلوم ہو سکے گی۔پولیس نے جوڑے کے بڑے بیٹے پردیپ کو واقعے کی اطلاع دی جو دوسرے شہر میں رہتا ہے اور والدین کو اس کے حوالے کر دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں