بلوچستان میں دہشتگردوں نے ایف سی پوسٹ پر حملہ کیا جس میں سکیورٹی فورسز کا جوان شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے ضلع ژوب میں پوسٹ پر حملہ کیا جسے سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی سے ناکام بنا دیا۔
سکیورٹی فورسز نے کارروائی میں خودکش بمبار عمر عرف عمری سمیت 2 دہشت گرد ہلاک کیے جو فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہروں کے قتل میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگرد عمر عرف عمری ڈی سی شیرانی کے قافلے پر حملے میں بھی ملوث تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشید خان بہادری سے لڑتےہوئے شہید ہوگئے۔
علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ فورسز بلوچستان میں امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام بنا دیں گی۔قبل ازیں، سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے تربت میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے گاڑی میں نصب 280 کلو دھماکا خیز مواد برآمد کیا جو شہر میں دہشتگردی کیلیے استعمال کیا جانا تھا۔سکیورٹی فورسز نے 12 ستمبر کو کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ٹھکانوں پر کارروائی کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔
فورسز کی جانب سے 12 ستمبر کو بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کامیاب آپریشن کیا گیا جس کے دوران کالعدم بی ایل اے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر براہ راست حملوں میں ملوث تھے۔ہلاک دہشتگردوں میں شافو سمالانی عرف تادین، سرمد خان عرف دستین، گل مری عرف واحد بلوچ، غلام قادر مری عرف انجیر بلوچ شامل ہیں۔