بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 4 دہشت گرد ہلاک

قلات (آئی ایس پی آر)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ قلات کے علاقے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد موجود ہیں، جس پر کارروائی کی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے پہنچنے پر دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جبکہ علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔