اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تیل اسمگلنگ سے دہشتگرد روزانہ 4 ارب روپے کما رہے ہیں، جب کہ جرائم پیشہ عناصر اور اسمگلرز کے خلاف اقدامات پر انہوں نے حکومت کے خلاف علمِ بغاوت بلند کر دیا۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ بلوچستان میں تیل سمیت مختلف اشیا کی اسمگلنگ جاری ہے اور اربوں و کھربوں روپے کی اسمگلنگ ہو رہی ہے۔ اسمگلنگ روکنے کیلئے حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے ذریعے ایران سے 40 روپے فی لیٹر تیل لے کر کراچی میں 200 روپے فی لیٹر بیچا جاتا ہے، جس سے روزانہ 4 ارب روپے کا منافع حاصل ہوتا ہے۔ ایران نے اسمگل تیل کی ترسیل روک دی ہے جس کی وجہ سے دہشتگرد امن و امان خراب کر رہے ہیں اور گزشتہ تین دہائیوں سے بلوچستان میں امن میں رکاوٹ آ رہی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کی خرابی کے کئی عوامل ہیں، اور جب جرائم پیشہ عناصر اور اسمگلرز کے خلاف کارروائیاں کی گئیں تو حکومت مخالف بغاوت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو افغانستان سے ہوا دی جا رہی ہے، دہشتگردوں کے سربراہ افغانستان میں موجود ہیں اور وہاں سے انہیں مدد ملتی ہے، جبکہ ان کے پیچھے بھارت ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہی ہے اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ پراکسیز موجود ہیں، 177 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان ہلاک شدگان کی کوئی سیاسی یا قومیت پرست وابستگی نہیں تھی۔ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز کے 17 جوان اور 33 شہری شہید ہوئے ہیں۔
وزیر دفاع نے بلوچستان کی ترقیاتی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی، کہا کہ پاکستان کی آزادی کے وقت وہاں صرف چند سو کلومیٹر سڑکیں تھیں، اب 26 ہزار کلومیٹر سڑکیں ہیں۔ بلوچستان میں 15 ہزار 96 اسکول، 13 کیڈٹ کالجز اور 13 بڑے اسپتال موجود ہیں، جبکہ ایئرپورٹس کو آپریشنل بنایا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کلبھوشن بلوچستان سے پکڑا گیا، دہشتگردوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے، ریاست پوری قوت کیساتھ جواب دے گی، اور دہشتگردوں کی بلوچستان کے کسی علاقے میں کوئی رٹ نہیں ہے۔ جرائم پیشہ عناصر نے ملٹری ونگ بنا رکھا ہے۔وزیر دفاع نے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب اکٹھے ہوں اور پاک فوج کے پیچھے کھڑے ہوں، جبکہ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے پاس امریکی اسلحہ ہے اور بی ایل اے والے اسمگلرز کی حفاظت کرتے ہیں۔

