بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے:وزیر داخلہ

کوئٹہ (اے پی پی/پی ٹی وی/ریڈیو پاکستان) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عام دہشت گرد نہیں تھے بلکہ ان حملوں کی منصوبہ بندی بھارت نے دہشت گردوں کے ساتھ مل کر کی۔ کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان میں مختلف مقامات پر دہشت گردوں کے حملے ناکام بنائے، کارروائیوں میں 67 دہشت گرد ہلاک جبکہ 10 پولیس اور سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز میں مجموعی طور پر 108 دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔

پی ٹی وی کے مطابق گوادر میں دہشت گردوں نے 11 شہریوں کو بھی قتل کیا، تاہم واقعے میں ملوث تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ، سبی اور چمن میں ڈیٹا سروس معطل رہی جبکہ صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے حملوں کو دہشت گردوں کی “مایوس کن کوشش” قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر الرٹ تھیں اور حملے ناکام بنائے گئے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔