واشنگٹن(ایجنسیاں)مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل بل گیٹس نے اپنی سابق اہلیہ میلِنڈا فرنچ گیٹس کی نجی فلاحی تنظیم کو خاموشی سے 7.88 ارب ڈالر منتقل کر دیے، جو طلاق کے سلسلے میں سامنے آنے والی اب تک کی سب سے بڑی مالی ادائیگیوں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس بڑی مالی منتقلی کا انکشاف حالیہ ٹیکس فائلنگ کے ذریعے ہوا ہے، اور یہ پہلا موقع ہے کہ 2021 میں ہونے والی طلاق کے مالی معاملات منظرِ عام پر آئے ہیں۔ میلِنڈا فرنچ گیٹس اس سے قبل بل اینڈ میلِنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی شریک چیئرپرسن کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہہ چکی تھیں کہ طلاق کے معاہدے کے تحت انہیں خواتین اور خاندانوں سے متعلق آزاد فلاحی سرگرمیوں کے لیے اربوں ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق مجموعی اثاثوں کی تقسیم کے بعد میلِنڈا گیٹس کے ذاتی اثاثوں کی مالیت تقریباً 25 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ طلاق کے فوراً بعد بل گیٹس نے اپنی نجی سرمایہ کاری کمپنی Cascade Investment کے ذریعے اربوں ڈالر مالیت کے شیئرز میلِنڈا گیٹس کو منتقل کیے۔
اس کے علاوہ دونوں کے درمیان 170 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی جائیداد، تقریباً 130 ملین ڈالر کے فن پاروں اور مائیکروسافٹ کے اہم حصص کی تقسیم پر بھی اتفاق ہوا تھا۔ یاد رہے کہ بل گیٹس اور میلِنڈا فرنچ گیٹس نے مئی 2021 میں طلاق کا اعلان کیا تھا، جبکہ یہ علیحدگی اگست 2021 میں باضابطہ طور پر مکمل ہوئی۔

