بنوں: ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ ناکام، 5 دہشت گرد ہلاک، 6 جوان شہید

بنوں(نامہ نگار) سیکیورٹی فورسز نے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی اسپانسرڈ گروہ “فتنہ الخوارج” نے بارودی مواد سے بھری گاڑی دیوارِ حصار سے ٹکرا کر خودکش دھماکہ کیا، جس سے بیرونی حصار کا ایک حصہ گر گیا اور قریبی سول انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا، واقعے میں 3 شہری زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور جرات مندانہ ردِعمل کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا اور تمام دہشت گرد مارے گئے۔ تاہم جھڑپ میں ایف سی اور پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جوانوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارج کو نشانہ بنایا، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق”اس بزدلانہ اور بھیانک عمل کے مجرموں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ سیکیورٹی فورسز پوری قوم کے شانہ بشانہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں ملک کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔”

اپنا تبصرہ لکھیں