بنگلادیش:مظاہروں میں ہلاکتوں کی تحقیقات، اقوام متحدہ ٹیم متحرک

بنگلادیش:شیخ حسینہ واجد کے اقتدار کے خاتمے سے قبل مظاہروں کے دوران ہونے والی اموات کی تحقیقات کےلیے اقوام متحدہ کی ٹیم بھی متحرک ہوگئی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی ایک حقائق جانچنے والی ٹیم اگلے ہفتے بنگلادیش کا دورہ کرے گی تاکہ طلبہ کی جانب سے کیے گئے حالیہ مظاہروں کے دوران سیکڑوں ہلاکتوں کی تحقیقات شروع کی جاسکیں۔اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر بنگلادیش گوین لیوس نے ڈھاکا میں بنگلادیشی عبوری حکومت کے خارجہ پالیسی کے مشیر توحید حسائی سے ملاقات کے بعد کہا کہ اقوام متحدہ ایک آزاد تحقیقاتی کمیشن کی مالی معاونت اور قیادت کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی وقت کا تعین بھی کیا جائے گا اور ایکشن پلان کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔ایک روز قبل اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ ولکر ترک نے بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی زیر قیادت تحقیقات جلد ہی شروع کی جائیں گی تاکہ مظاہرین کے قتل کی تحقیقات کی جا سکیں۔محمد یونس کے پریس دفتر کے مطابق ترک نے کہا تھا کہ “ایک ٹیم جلد ہی ملک کا دورہ کرے گی تاکہ تحقیقات کا آغاز کیا جا سکے۔”اس دوران محمد یونس نے ملک کی دوبارہ تعمیر اور انسانی حقوق کے تحفظ میں اقوام متحدہ کے تعاون کی درخواست کی۔واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد کے مستعفی اور ملک سے فرار ہونے کے بعد بنگلادیش میں عبوری حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا اور نوبیل امن انعام یافتہ ماہر معاشیات محمد یونس کو وزیراعظم کے اختیارات کے ساتھ اس کا سربراہ بنایا گیا۔ خیال رہے کہ شیخ حسینہ کے ملک سے فرار ہونے تک طالب علموں اور شہریوں کے احتجاجی مظاہروں میں کم از کم 580 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں