ڈھاکہ(ایجنسیاں)بنگلادیش میں جماعتِ اسلامی کے ضلعی امیر ابوالہیثم احتجاجی ریلی کے دوران خطاب کرتے ہوئے اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑے اور انتقال کرگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دوپہر کے وقت ریلی کے مقام پر تقریر کے دوران ابوالہیثم کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اور وہ زمین پر گر گئے۔ انہیں فوری طور پر ضلع شہر کے نجی اسپتال منان ہارٹ فاؤنڈیشن منتقل کیا گیا، جہاں شام تقریباً ساڑھے چار بجے ڈاکٹروں نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔
واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے جماعتِ اسلامی کے رہنما شجاع الدین نے بتایا کہ وہ تقریر کے دوران ابوالہیثم کے بالکل قریب موجود تھے اور وہ ان ہی کے ہاتھوں میں گر پڑے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال لائے جانے سے قبل ہی ابوالہیثم کا انتقال ہوچکا تھا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق یہ احتجاجی ریلی کشٹیا-3 (صدر) حلقے سے جماعتِ اسلامی کے نامزد امیدوار امیر حمزہ کو مبینہ جان سے مارنے کی دھمکیوں کے خلاف نکالی گئی تھی۔ ریلی کا آغاز دوپہر ساڑھے تین بجے کشٹیا میونسپلٹی سے ہوا جو این ایس روڈ سے ہوتی ہوئی ایکتارا موڑ تک پہنچی، جہاں جماعتِ اسلامی کے ضلعی امیر ابوالہیثم نے آخری سانس لی۔

