بنگلا دیش میں وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد مظاہرین کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کے گھروں، ملک بھر میں موجود عوامی لیگ کے دفاتر اور دیگر املاک پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
کشیدہ صورتحال کے دوران ہندوؤں کے گھروں اور مندروں کو نذرِ آتش کرنے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔
نظم الاحسن نامی ایک صارف نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایک تصویر شیئر کی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں کچھ مسلم علماء کو ایک مندر کی حفاظت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
صارف نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بتایا کہ بنگلادیش میں ہندو کمیونٹی اور ان کے مندروں پر حملوں کی خبریں سامنے آنے کے بعد بنگلا دیش کے مسلمان علماء رضاکارانہ طور پر کمیلا میں ایک ہندو مندر کی حفاظت کر رہے ہیں، سیاست دان اور احتجاجی رہنما اقلیتوں پر تشدد کی مزاحمت کرنے پر زور دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کوٹہ سسٹم کے خلاف بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
وہ آرمی چیف کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن سے قبل مستعفی ہوکر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی فرار ہوگئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش میں اب تک پُرتشدد مظاہروں کے دوران 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔