بنگلادیش ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر، اسکاٹ لینڈ شامل، آئی سی سی کا باضابطہ اعلان

لندن/دبئی (آئی سی سی، ایجنسیاں)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے باہر کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے میگا ایونٹ میں اب بنگلادیش کے بجائے اسکاٹ لینڈ کی ٹیم شریک ہوگی۔

آئی سی سی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارت میں اپنے میچز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس معاملے پر تین ہفتوں سے زائد عرصے تک آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی، بنگلادیش کے تحفظات کا ہر پہلو سے جائزہ لیا گیا اور یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں۔

اعلامیے کے مطابق بدھ کو ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں بنگلادیش کو 24 گھنٹوں کے اندر حتمی تصدیق دینے کی مہلت دی گئی، تاہم مقررہ وقت میں کوئی جواب موصول نہ ہونے پر طریقہ کار کے تحت متبادل ٹیم کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی سی سی نے واضح کیا کہ اسکاٹ لینڈ 14ویں رینک کی ٹیم ہے جو کوالیفائی نہیں کر سکی تھی، تاہم وہ ٹورنامنٹ میں پہلے سے شامل 7 ٹیموں نمیبیا، متحدہ عرب امارات، نیپال، امریکا، کینیڈا، عمان اور اٹلی سے بہتر پوزیشن پر ہے۔

دوسری جانب لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ بنگلادیش کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور کسی ایک ملک کو ڈکٹیٹ کرنے کا حق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسا فیصلہ پاک بھارت معاملے میں ہوا، ویسا ہی بنگلادیش کے ساتھ ہونا چاہیے، بنگلادیش ایک برابر کا ملک ہے اور اگر بھارت کو رعایت دی گئی تو بنگلادیش کو بھی ملنی چاہیے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اگر ڈکٹیشن کا سلسلہ جاری رہا تو پاکستان کا بھی ایک واضح مؤقف ہوگا اور وہ اس پر قائم رہیں گے، پہلے حکومت کی جانب سے فیصلہ سامنے آ جائے، اس کے بعد پلان اے، بی اور سی سب تیار ہیں۔