بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ، دہلی میں ویزا سروس معطل

ڈھاکا/نئی دہلی (ایجنسیاں)بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جس کے بعد بنگلا دیش نے نئی دہلی میں قونصلر اور ویزا سروس عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔ بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق بنگلا دیشی مشن کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

بنگلا دیشی حکام کے مطابق دو روز قبل نئی دہلی میں بنگلا دیشی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا، جس کے دوران بھارتی مظاہرین کی جانب سے ہائی کمشنر کو قتل کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث قونصلر اور ویزا خدمات کو عارضی طور پر روکا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ بھارت نے بھی ایک روز قبل بنگلا دیش کے شہر چٹاگانگ میں واقع بھارتی ویزا سینٹر بند کر دیا تھا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ مزید نمایاں ہو گیا ہے۔