بنگلورو: نجی ولا میں طالبہ سے مبینہ اجتماعی زیادتی، 2 ملزمان نامزد

بنگلورو(ایجنسیاں) بھارتی شہر بنگلورو کے پوش علاقے میں واقع ایک نجی ولا میں 19 سالہ کالج طالبہ سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو نامزد کر دیا۔پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ بی اے کی پہلی سال کی طالبہ ہے اور اصل طور پر ریاست تمل ناڈو کے شہر تروپور سے تعلق رکھتی ہے۔ وہ گزشتہ پانچ ماہ سے تعلیم کے سلسلے میں بنگلورو میں مقیم تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ طالبہ کی جنوری میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے 21 سالہ ملزم ڈکسن سینڈو سے شناسائی ہوئی تھی۔ دونوں کے درمیان باقاعدہ رابطہ رہا اور شہر میں چند ملاقاتیں بھی ہو چکی تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ 14 فروری کی شب کالج سے واپسی اور بنشانکری میں ایک دوست کے ساتھ کھانے کے بعد طالبہ کو ڈکسن کی جانب سے فون آیا، جس میں اسے شمالی بنگلورو میں واقع نجی پراپرٹی ’’ریکس ولا‘‘ میں پارٹی کی دعوت دی گئی۔

متاثرہ لڑکی 15 فروری کی علی الصبح ایک دوست کے ہمراہ وہاں پہنچی۔پولیس کے مطابق الزام ہے کہ وہاں اسے نشہ آور مادہ پلایا گیا جس کے بعد دو افراد نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔